PSL کے دو ناکام کپتان پاکستانی ٹیم کی قیادت کیلئے تیار

پی ایس ایل سیزن 9 میں بری طرح ناکام ہونے والے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی اور شان مسعود قومی ٹیم کی قیادت کے لیے تیار ہیں، سوشل میڈیا پر ان کی پرفارمنس کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔حالیہ ایونٹ میں جہاں کئی نئے چہروں نے اپنے ٹیلنٹ کا شاندار مظاہرہ کیا وہیں بہت سے بڑے نام ناقص پرفامنس کے باعث غیرمقبول بھی ہوئے، لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور کراچی کنگز کی قیادت کرنے والے شان مسعود بھی انہی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں اپنے کھیل کا جادو جگانے میں ناکامی کا سامنا رہا۔دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے حالیہ سیزن میں مسلسل شکست کا سامنا کیا ہے، قلندرز نے نو میچز میں سے صرف ایک میچ میں فتح حاصل کی، لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ کی انفرادی پرفامنس بھی کچھ زیادہ متاثرکن نہیں رہی۔ پی ایس ایل نو کی بیٹنگ رینکنگ میں شاہین شاہ مسلسل آؤٹ آف فارم رہے۔ نو میچوں میں انہوں نے صرف ایک نصف سینچری مکمل کی جبکہ ٹورنامنٹ کی مجموعی رینکنگ میں وہ 107 رنز کے ساتھ 46 ویں نمبر پر ہیں۔کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے صحافی اور سپورٹس تجزیہ کار شاکر عباسی کہتے ہیں کہ ’لاہور قلندرز کا ٹورنامنٹ سے سب سے پہلے باہر ہو جانا یقیناً شاہین شاہ آفریدی کی بطور کپتان کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ’شاہین کی انفرادی پرفامنس بڑی حد تک مناسب رہی، انہوں نے نو میچز میں 14 وکٹیں حاصل کی ہیں گوکہ ان کو ایک اوور کے حساب سے اوسط 10 رنز بھی پڑے لیکن بطور باولر یہ بہتر پرفامنس ہے۔ٹی20 فارمیٹ میں قیادت کی تبدیلی کے متعلق شاکر عباسی کہتے ہیں ’پی سی بی کے لیے یہ تشویش ناک صورت حال ہے کیوںکہ لاہور کو لگاتار دو دو ٹائٹل جتوانے کی بنیاد پر شاہین شاہ کو کپتان بنایا گیا تھا، شاہین شاہ کو پی ایس ایل کی کارگرگی کی بنیاد پر قیادت سونپی گئی تھی سو پی ایس ایل کی کارگردگی انہیں قیادت سے ہٹانے کا جواز بھی فراہم کرتی ہے۔سپورٹس اینکر حسنین لیاقت نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’شاہین آفریدی کو ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے کپتان بنایا گیا تھا، اب شاہین آفریدی پانچ مقابلوں میں سے چار مقابلے ہار گئے پھر نو میں سے آٹھ پی ایس ایل کے میچز بھی ہار گئے، شاہین شاہ کے کپتان برقرار رہنے کے متعلق حسنین کہتے ہیں کہ ’میری ذاتی رائے ہے کہ پی ایس ایل کی بنیاد پر پی سی بی کو کپتانی کا فیصلہ نہیں کرنا چاہئے۔حسنین مزید کہتے ہیں کہ ’میرے خیال میں کیپٹن کی پوزیشن کے لیے محمد رضوان اس وقت سب سے بہترین اس وجہ سے ہیں کیونکہ وہ اپنی ٹیم کو چار سال سے فائنل میں پہنچا رہے ہیں۔شاہین شاہ آفریدی کپتان برقرار رہنا چاہتے ہیں، رضوان بھی کپتان بننا چاہتے ہیں اور پی ایس ایل کی ٹیموں کے کوچز کا بھی یہی خیال ہے کہ رضوان کو کپتان بننا چاہئے۔کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود بھی پی ایس ایل کے ناکام کپتان رہے، انہوں نے 10 اننگز میں 15 اعشاریہ آٹھ کی اوسط اور 105 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ محض 158 رنز بنائے، شاکر عباسی شان مسعود سے متعلق کہتے ہیں کہ ’شان مسعود ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہیں، ٹیسٹ اور ٹی20 کی کپتانی میں فرق ہے، انہوں نے بطور کپتان ٹھیک ہی پرفام کیا ہے، حسنین لیاقت کا بھی یہی ماننا ہے کہ شان مسعود کو ابھی وقت ملنا چاہئے۔
