SP عدیل اکبر کی میڈیکل رپورٹ اور چھٹی کی درخواست منظرِ عام پر

مبینہ طور پر خودکشی کرنے والے ایس پی عدیل اکبر کی چھٹی سے متعلق درخواست اور میڈیکل رپورٹ منظرِ عام پر آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر نے 20 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت کے پولی کلینک اسپتال سے اپنا طبی معائنہ کرایا تھا، جہاں ان کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا۔ میڈیکل رپورٹ کے بعد انہوں نے تین روز کی چھٹی کی درخواست دی تھی، جسے ڈی آئی جی اسلام آباد نے منظور کر لیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدیل اکبر نے میڈیکل رخصت مکمل ہونے کے بعد 23 اکتوبر کو دوبارہ اپنی ڈیوٹی جوائن کر لی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کو بیرونِ ملک کی ایک یونیورسٹی میں داخلہ بھی مل چکا تھا، اور وہ اپنے دستاویزات کی تصدیق کے لیے دفترِ خارجہ بھی گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آنے کا امکان زیادہ ہے۔ پولیسنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے شواہد کے مطابق فائرنگ کا زاویہ تقریباً 65 ڈگری تھا، جو خودکار ایس ایم جی گن کے حادثاتی فائر سے مطابقت رکھتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پی ایس پی افسران ایس ایم جی گن کے استعمال میں عموماً زیادہ مہارت نہیں رکھتے، اسی لیے حادثاتی فائرنگ کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے ایس پی عدیل اکبر کی چھٹی کی درخواست اور میڈیکل رپورٹ کو تفتیشی ریکارڈ کا حصہ بنا لیا ہے، جب کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Back to top button