سکینڈل کوئین میرا اداکارہ ماہرہ اور ریما کی مخالف کیوں ہیں؟

تنازعات کی زد میں رہنے والی اداکارہ میرا نے اقرار کیا ہے کہ ان کے اداکارہ ریما اور ماہرہ خان سے اختلافات ضرور ہیں لیکن وہ صرف عوام کے لیے ہیں، میری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ہے۔پاکستانی شوبز سٹار میرا حال ہی میں ایک نجی پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے شوبز سمیت اپنی ذاتی زندگی سے جڑے معاملات کے بارے میں کھل کر بات کی۔
ماہرہ خان اور ریما خان کے ساتھ اپنے اختلافات کے بارے میں بات کرتے ہوئے میرا نے بتایا کہ ان کی ماہرہ اور ریما کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے بلکہ یہ صرف عوام کیلئے ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سب کے لیے اچھا سوچتی ہوں ،چاہے وہ ماہرہ ہو یا ریما، ہماری سوچ میں اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہماری آپس میں کوئی ذاتی رنجش نہیں، یہ تمام لڑائیاں اور رنجشیں عوام کے لیے ہوتی ہیں۔میرا کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کے پاس اداکاراؤں اور مشہور شخصیات کے بارے میں ٹرولنگ اور بُرے تبصروں کے لیے کافی وقت ہوتا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ کام کے محاذ پر وہ کسی کی دوست نہیں ہیں اور ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنی ساتھی اداکاراؤں سے سخت مقابلہ کریں کیونکہ یہ ان کے کام کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل ہمیشہ اپنی گلابی انگلش اور بیانات کی وجہ سے تنازعات کی زد میں رہنے والی اداکارہ میرا نے صبا قمر سے بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صبا قمر پہلے دن سے ہی نہیں چاہتیں کہ میں شوبز میں کام کروں یاکسی پراجیکٹ میں نظر آئوں۔ سکینڈل کوئین نے بتایا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں موجود صبا قمر کے دوستوں سے معلوم ہوا ہے کہ اداکارہ مجھے پسند نہیں کرتیں اور پروڈیوسرز سے کہتی ہیں کہ وہ مجھے اپنے پراجیکٹس میں کاسٹ نہ کریں۔میرا کے الزام کا جواب دیتے ہوئے صباقمر نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ ان کی کبھی بھی شوبز انڈسٹری میں کسی بھی شخص سے میرا کے ساتھ کام کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
