ون ڈے ٹیم کی تشکیل پر مسلسل کام جاری، ورلڈ کپ کو ہدف بنایا لیا، مائیک ہیسن

پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ کی تشکیل پر مسلسل کام جاری ہے۔نئے کھلاڑیوں کو آزمانا ضروری ہے تاکہ ایک مضبوط اور متوازن ٹیم تیار کی جا سکے۔
پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے مڈل اوورز میں زیادہ مؤثر بیٹنگ کی ضرورت ہے۔
مائیک ہیسن نے کہاکہ ورلڈکپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ پر مسلسل کام جاری ہے کیوں کہ ہمارا ہدف آئندہ ڈیڑھ سال میں بہترین ممکنہ ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ تیار کرنا ہے۔ صرف ایک ہی گروپ پر انحصار کرنے کے بجائے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ پاور پلے میں مزید وکٹیں حاصل کرنے اور بولنگ میں تسلسل لانے پر توجہ ہے،فٹنس میں بہتری سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔
مائیک ہیسن نے بتایاکہ حالیہ وائٹ بال کیمپ نے نئے ٹیلنٹ کو جانچنے کا بہترین موقع فراہم کیا،نوجوان کھلاڑیوں میں صلاحیت موجود ہےلیکن انہیں مزید محنت اور وقت درکار ہے۔نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کے ساتھ ان پر صبر کرنا بھی ضروری ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز نوجوان کھلاڑیوں کےلیے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ہے،آسٹریلیا مضبوط حریف ہے،شائقین ٹیم اور نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت کریں۔
