یوم تکبیر ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے :وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن دن ہے، جب قوم نے متحد ہوکر ایٹمی قوت بننے کا اعلان کیا اور اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے کامیاب ایٹمی تجربات کیے، جنہوں نے نہ صرف جنوبی ایشیا میں تزویراتی توازن بحال کیا بلکہ دنیا کو واضح پیغام دیاکہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت اور خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرےگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ علامہ محمد اقبال کے تصور اور قائداعظم محمد علی جناح کی قائم کردہ خداداد مملکت کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں کردار ادا کرنے والی شخصیات اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتےہوئے کہاکہ اس کامیابی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بصیرت افروز قیادت، نواز شریف کے جرات مندانہ فیصلوں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان،ڈاکٹر ثمر مبارک مند سمیت بےشمار سائنسدانوں،انجینئرز، ماہرین،افواجِ پاکستان کے جوانوں اور کارکنوں کی انتھک خدمات شامل ہیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ بھارت نے جنگی جنون، انتہا پسندانہ سوچ اور توسیع پسندانہ عزائم کے تحت ایٹمی تجربات کیے تھے،تاہم پاکستان نے دانشمندی اور مضبوط عزم کے ساتھ بروقت اور فیصلہ کن اقدامات کرتےہوئے دشمن کے عزائم ناکام بنادیے۔عالمی دباؤ، معاشی پابندیوں کی دھمکیوں اور مالی ترغیبات کے باوجود اُس وقت کے وزیر اعظم نوازشریف نے پاکستان کی آزادی وقار اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔
28 مئی 1998ء نے پاکستان کو سٹریٹیجک خود مختاری عطا کی: صدر مملکت
وزیراعظم نے کہا کہ یومِ تکبیر قومی خودداری، اتحاد، قربانی اور دفاعِ وطن کے غیرمتزلزل عزم کی علامت ہے، جب کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف مضبوط رکاوٹ ہے۔
