اب ’’واٹس ایپ‘‘ Web Loginکیلئے کیو آر کوڈ کی ضرورت نہیں

دنیا کی معروف ترین پیغام رسانی موبائل ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کیلئے ویب ورژن کو لاگ ان کرنے کیلئے کیو آر کوڈ کو سکین کرنے کے متبادل نیا آپشن متعارف کروا دیا ہے جس سے ایسے صارفین لاگ ان کر سکیں گے جن کے موبائل کیمرے میں کوئی فالٹ ہو، اس کیلئے صارفین کو اپنا فون نمبر ویب سائٹ پر درج کرنا پڑے گا اور پھر چار ہندسوں کے کوڈ کو اس میں انٹر کرنا ہوگا۔
واٹس ایپ نے ویب ورژن کو موبائل نمبر کے ساتھ استعمال کرنے کا فیچر پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیش کر دیا گیا ہے، کمپنی نے چند دن قبل بتایا تھا کہ واٹس ایپ پر ایسا فیچر پیش کیا جائے گا، جس کے تحت صارفین ویب ورژن پر ایپلی کیشن کو کیو آر کوڈ کے بغیر بھی استعمال کر سکیں گے۔
اب کمپنی نے نیا فیچر پیش کر دیا، جس کے تحت صارفین ویب ورژن استعمال کرتے وقت کیو آر کوڈ کو سکین کرنے کے بجائے فون نمبر فراہم کرنے کا آپشن بھی استعمال کر سکیں گے، یعنی اب صارفین اپنی مرضی کے مطابق چاہیں تو کیو آر کوڈ کو سکین کر کے ویب ورژن پر لاگ ان ہوں اور چاہیں تو فون نمبر دے کر لاگ ان کوڈ حاصل کریں۔
اس فیچر کے تحت جیسے ہی صارفین واٹس ایپ کو ڈیسک ٹاپ پر لاگ ان کریں گے تو ان کے موبائل سمیت ویب ورژن پر یہ آپشن نظر آئے گا کہ وہ چاہیں تو فون نمبر کے ساتھ لاگ ان ہوں، کمپنی نے اگرچہ فیچر کو پیش کردیا ہے، تاہم فوری طور پر یہ تمام صارفین کو نظر نہیں آئے گا لیکن ترتیب وار اس پر تمام افراد کو رسائی دی جائے گی۔
آپ جس ڈیسک ٹاپ ڈیوائس کو لنک کرنا چاہتے ہیں اس پر واٹس ایپ ویب پیج کھولیں، اب نیا آپشن ’لنک ود فون نمبر‘ پر کلک کریں، اپنے ملک کا نام اور فون نمبر درج کرنے کے بعد آپ کے موبائل پر 8 ہندسوں کا کوڈ موصول ہوگا، اس کوڈ کو واٹس ایپ کی موبائل ایپ پر لنکڈ ڈیوائس کے آپشن میں جاکر درج کرنا ہوگا۔
صرف فون نمبر اور ایک وقتی کوڈ کا استعمال کرتے ہوئے اب آپ آسانی سے کسی بھی ڈیسک ٹاپ ڈیوائس پر اکاؤنٹس کو واٹس ایپ ویب سے لنک کر سکتے ہیں، اس سے قبل مارچ 2022 میں واٹس ایپ نے اپنے ویب اور ڈیسک ٹاپ ورژن کیلئے ملٹی ڈیوائس سپورٹ فیچر میں ایک بڑی اپ ڈیٹ کی تھی، اس اپڈیٹ کے تحت صارفین 4 مختلف ڈیوائسز پر واٹس ایپ تک رسائی انٹرنیٹ سے کنکٹ پرائمری سمارٹ فون کے بغیر بھی کر سکیں گے۔

Back to top button