اداکارہ سعدیہ امام جنات سے باتیں کیسے کرتی ہیں؟

سینئر اداکارہ سعدیہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بچپن سے ہی بہادر ہیں جبکہ جنات سے انہیں ڈر نہیں لگتا، بلکہ وہ ان کے ساتھ باتیں کرتی ہیں، کبھی کبھار اپنے ساتھ ٹی وی دیکھنے کا بھی مشورہ دیتی ہیں۔سعدیہ امام حال ہی میں مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں دیگر مہمانوں سمیت انہوں نے بھی جنات سے متعلق اپنے تجربات بیان کیے، ان کے مطابق جنات حقیقت ہیں، ان سے انکار نہیں کیا جا سکتا یہ باتیں ہمیں ہمارے بزرگ تک بتاتے تھے، ماضی میں بزرگ کہا کرتے تھے کہ گوشت کھاتے وقت ہڈی میں تھوڑا گوشت رہنے دیا کریں کیوںکہ وہ کسی اور کا حصہ ہوتا ہے۔سعدیہ امام نے ڈرامے کی شوٹنگ کا ایک واقعہ بتایا کہ وہ جب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں شوٹنگ کے لیے گئیں تو جنات نے صبح سویرے ان پر حملہ کر دیا، وہ سو رہی تھیں کہ اچانک کسی نے ان کی ٹانگیں پکڑلیں، جس پر انہوں نے قرآنی آیات پڑھ کر زور سے ان آیات کو ان کی جانب پھینکا، جس کے بعد کمرے کی تمام لائٹس ہلنے لگیں اور کمرے کا شیشہ تک ٹوٹ گیا اور انہوں نے ان کی ٹانگیں چھوڑ دیں۔اسی طرح انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بچپن سے ہی بہادر تھیں، انہیں والدین نے کبھی جنات سے ڈرنا سکھایا ہی نہیں بلکہ وہ انہیں تلقین کیا کرتے تھے کہ ان کا خیال رکھا کریں، اداکارہ کے بتایا کہ وہ اپنے گھر میں جنات سے باتیں کرتی ہیں، جب وہ کمرے میں بیٹھی ہوتی ہیں اور انہیں کچن سے آوازیں آتی ہیں تو وہ انہیں زور سے کہتی ہیں کہ کچن استعمال کرنے پر پابندی نہیں ہے لیکن اسے گندا نہیں کرنا اور صفائی کا خیال رکھنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بعض مرتبہ جب وہ صبح کو سویرے اٹھیں تو انہوں نے کچن میں گندگی دیکھی، جس پر انہوں نے نوکرانی سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میں نے چائے نہیں بنائی، آپ ان سے پوچھیں جن سے آپ باتیں کرتی ہیں۔سعدیہ امام نے دعویٰ کیا کہ بعض اوقات جب وہ ٹی وی دیکھ رہی ہوتی ہیں تو وہاں کوئی نہ کوئی آجاتا ہے، جس پر وہ انہیں ساتھ بیٹھ کر ٹی وی سیریل دیکھنے کی دعوت دیتی ہیں، ان کی جانب سے اُن سے (جنات) سے بات کرنے پر بعض لوگ انہیں پاگل بھی قرار دیتے ہیں۔اسی طرح انہوں نے ایک واقعہ بتایا کہ ماضی میں وہ متعدد اداکاروں کے ہمراہ ایک جگہ شوٹنگ پر گئیں، جہاں ہر چیز اچانک غائب ہونے لگی، جس کے بعد وہ سمجھ گئیں کہ معاملہ کیا ہے، اگلے روز انہوں نے مرحوم اداکار منو بھائی کے ہمراہ اس جگہ پر شوٹنگ پر آتے وقت اُن (جنات) کے لیے مٹھائیاں خریدیں اور گھر میں آ کر انہیں کہا کہ اداکاروں کو تنگ نہ کیا جائے، وہ صرف شوٹنگ کر کے چلے جائیں گے، اب وہ ان سے باقائدہ ان کے گھر میں شوٹنگ کرنے کی اجازت مانگ رہے ہیں۔اداکارہ کے مطابق ان کی اور منو بھائی کی جانب سے جنات سے بات کرنے پر وہاں موجود دیگر لوگ انہیں پاگل قرار دیتے رہے اور ان پر ہنسنے بھی لگے، ان کی جانب سے جنات سے شوٹنگ کی اجازت مانگے جانے کے بعد وہاں کوئی مسئلہ نہیں ہوا، پھر کوئی چیز غائب نہ ہوئی۔

Back to top button