اداکارہ پری نیتی چوپڑا کی سرپرائز کردار میں واپسی


رومانوی انداز، شوخ اور چنچل ادائوں سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والی بھارتی اداکارہ پری نیتی چوپڑا بہت جلد اب بڑے پردے پر جاسوسی کرتی نظر آئیں گی۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی آنے والی فلم کا اعلان کرتے ہوئے اس کا ٹیزر اپ لوڈ کیا ہے۔ پری نیتی نے بتایا کہ وہ اپنی نئی فلم ’’کوڈ نیم ترنگا‘‘ میں انٹیلی جنس ایجنٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں، پری نیتی چوپڑا نے مزید لکھا کہ اپنے ملک کے لیے مشن کرنا اعزاز ہے، ایکشن کو شروع کرتے ہیں۔ ایکشن اور تھرلر سے بھرپور اس فلم کے ذریعے پری نیتی چوپڑا ایک طویل عرصے کے بعد بڑے پردے پر واپس آ رہی ہیں وہ فلم میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی جبکہ ان کے ساتھ ہارڈی سندھو اور شَرد کیلکر اداکاری کے جوہر دکھائیں گے، فلم کے ہدایتکار رِبھو داس گپتا ہیں۔

یاد رہے کہ فلم کوڈ نیم ترنگا کی کہانی ایک انٹیلی جنس ایجنٹ کے گرد گھومتی ہے جو اپنے ملک کی حفاظت کے لیے دشمن کا مقابلہ کرتی ہے۔پری نیتی چوپڑا ایک طویل عرصے کے بعد بڑے پردے پر واپس آرہی ہیں۔ اس سے پہلے 2021 میں پری نیتی چوپڑا کی فلم ’سائنا‘ ریلیز ہوئی تھی جو بُری طرح فلاپ رہی جبکہ اس سے پہلے سندیپ اور پنکی فرار اور جبریا جوڑی بھی فلاپ رہی ہیں، فلم 14 اکتوبر 2022 کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کے بارے میں ٹوئٹر پر بھی صارفین کی جانب سے تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں، رٹا نے لکھا کہ ’آخرکار ایکشن فلم آ گئی، مجھے بہت پسند آ رہی ہے۔

کَرن ونجانی لکھتے ہیں کہ ہمیں کل سے انتظار تھا جس کا دونوں سٹارز نے حق ادا کر دیا ہے، شاندار کام، اُمید ہے ہماری پَری چمکیں گی۔پروف آر ایم کہتے ہیں کہ بہترین ٹیزر، پہلے دن پہلا شو دیکھوں گا، دعا ہے کہ فلم 100 کروڑ عبور کرے۔

Back to top button