اللہ کو یہ ہی منظور تھا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کینگروز کے ہاتھوں قومی ٹیم کو شکست کے بعد پاکستانی کپتان بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے قوم کو تسلی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کو یہ ہی منظور تھا لیکن اصل سفر اب ہی شروع ہوا ہے۔
بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے چھوٹے بیٹے سفیر اعظم کے ساتھ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر سٹیڈیم میں لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا سفر ختم ہوا ، کھلاڑیوں نے کوشش کی۔

اعظم صدیقی نے لکھا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اصل سفر تو اب شروع ہوا ہے ، ٹیم بن گئی ہے ، آگے کرکٹ بھی کافی باقی ہے ، ایک سال بعد ہمیں پھر میگا ایونٹ میں آسٹریلیا کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
بابراعظم کے والد نے اپنی پوسٹ میں قوم سے درخواست کی کہ پاکستانی ٹیم نے جیت کے لیے جان لگائی ، ہم یک طرفہ میچ نہیں ہارے ہیں ، پاکستانی ٹیم کو آپ لوگوں کی ہمت اور پیار چاہئے۔
اعظم صدیقی نے کہا کہ بہادر قوم کی طرح بچوں کا دل بڑا کیجئے کیونکہ ایک اصول ہے بہادر ہار کر بھی بہادر رہتا ہے اور بزدل جیت کر بھی بزدل رہتا ہے۔اعظم صدیقی نے اُمید ظاہر کی کہ انشاء اللہ یہی ٹیم قوم کے لیے بڑے بڑے کپ جیتے گی۔
