’آپ نے گھبرانا نہیں‘ پر بنائے گئے گانے کی ویڈیو وائرل


میمز کے موجودہ دور میں ہر مشہور شخصیت کو کچھ بھی بولنے سے پہلے سو مرتبہ تولنا پڑتا ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ان کی باتوں پر سوشل میڈیا میمز بن جاتی ہیں۔ حال ہی میں وزیراعظم عمران خان کا ایک مشہور جملہ ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ عوام میں اس قدر مقبول ہوا کہ اس پر مزاحیہ ویڈیوز اور میمز کی بھملار ہو گئی۔
وزیر اعظم کے اس جملے پر کئی اداکاروں اور فنکاروں نے مزاحیہ ویڈیوز اور میمز بنائی ہیں جب کہ عام لوگ بھی ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ پر میمز بنا رہے ہیں۔ تاہم گلوکار اور موسیقار سعد علوی نے عمران خان کے اسی جملے پر جو گانا تیار کیا وہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
سعد علوی ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ سے قبل بھی متعدد گانوں کی پیروڈی ویڈیوز بنا چکے ہیں اور انہیں ایسے گانوں کی وجہ سے شہرت بھی حاصل ہے۔تاہم ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ والے گانے نے سوشل میڈیا پر مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ سعد علوی نے یہ گانا 8 مارچ کو اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا تھا تاہم جیسے ہی ان کے گانے کو معروف شخصیات نے ٹوئٹر اور فیس بک پر شیئر کیا تو وہ وائرل ہوگیا۔
’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہر ایک مصرع کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی آواز میں مذکورہ جملے کو شامل کیا گیا ہے۔ گانے میں عوام کو بتایا گیا ہے کہ اگر صابن مہنگا ہوجائے تو انہوں نے اسے استعمال نہیں کرنا اور آٹا مہنگا ہوجائے تو انہوں نے کھانا نہیں کھانا‘۔گانے کے ہر مصرع کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کہے گئے الفاظ ’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ کو موسیقی کے ساتھ سنایا گیا ہے۔
’آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘ گانے کی تعریفیں حکمران جماعت تحریک انصاف کے ہمدردوں نے بھی کی ہیں جب کہ عام افراد نے بھی گانے کو تنقیدی تناظر میں شیئر کرکے حکومت پر تنقید کی۔ یاد رہے کہ اداکار و میزبان واسع چوہدری ’گھبرانا نہیں ہے‘ کے نام سے ایک ٹی وی شو کی میزبانی کر رہے ہیں جب کہ اداکارہ صبا قمر اسی عنوان پر بنائی جانے والی ایک فلم کی شوٹنگ مکمل کروا چکی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button