ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

ٹیسلا اور اسپیکس جیسی کمپنیوں کے بانی ایلون مسک جو اپنے منفرد منصوبوں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اب ایمیزون کے بانی جیف بیزوز کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔
ان سے قبل دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز 2 دہائیاں قبل تک صرف 3 لوگوں کے پاس رہا تھا اور اب وہ تینوں کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹیک کرنچ کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2020 کے سے ان کی کمپنی ٹیسلا کے شیئرز کی قیمت میں 830 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز ایمیزون کے بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر آگئے تھے، جیف بیزوز 2017 سے دنیا کے امیر ترین شخص رہے تھے۔ بلومبرگ انڈیکس کے مطابق جمعرات کے دن ایلون مسک کے اثاثے 188 ارب ڈالرز ہوگئے تھے، جس میں ان کے ٹیسلا کے شیئرز کی ٹریڈنگ میں 5 فیصد سے زائد اضافہ ہوا تھا۔ تاہم بعدازاں امریکی جریدے فوربز کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کچھ وقت کے لیے دنیا کے امیر ترین شخص رہنے کے بعد ایلون مسک دوبارہ دوسرے نمبر پر آگئے۔ فوربز کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ٹیسلا کے شیئرز میں 7.9 فیص اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد ایلون مسک کی مجموعی دولت میں 9.8 ارب ڈالر کے اضافہ ہوا تھا لیکن بعدازاں ان کے مجموعی اثاثے 175.2 ارب ڈالرز ہوگئے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جیف بیزوز دوبارہ پہلے نمبر پر واپس آگئے اور ان کی مجموعی دولت 186.8 ارب ڈالر ہے۔ تاہم آج (8 جنوری) کو ایلون مسک، ایمیزون کے بانی کو کافی پیچھے چھوڑ کر اب دنیا کے امیر ترین شخص کی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ بلومبرگ انڈیکس کے مطابق اب ایلون مسک دوسرے نمبر پر جانے کے بعد واپس دنیا کے پہلے امیر ترین شخص بن گئے ہیں اور ان کے کُل اثاثے 195 ارب ڈالر ہوگئے ہیںاور ان کی دولت میں آخری مرتبہ 13 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جب کہ گزشتہ روز سے اب تک 25 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ دوسری جانب جیف بیزوز جو اب دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں ان کے کُل اثاثے 185 ارب ڈالر ہوگئے ہیں اور ان کی دولت میں 1.29 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ ایلون مسک کا دنیا کے پہلے امیر ترین شخص کی جگہ پر پہنچنا اس لیے دلچسپ ہے کہ وہ صرف ایک سال کے عرصے میں بہت تیزی سے سب سے آگے نکل گئے ہیں۔ جنوری 2020 میں وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 35 ویں نمبر پر تھے مگر اگست میں پہلے وہ چوتھے اور پھر ستمبر میں تیسرے نمبر پر پہنچے اور بعدازاں نومبر میں وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے تھے۔ ایلون مسک کے اثااثوں میں اضافے کی بڑی وجہ ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہے، جس کی مارکیٹ ویلیو 774ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے اثاثے بھی 134 ارب ڈالرز ہیں اور وہ اب دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص فرانس کے برنارڈ ارنالٹ ہیں جو 116 ارب ڈالرز کے مالک ہیں جب کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ 102 ارب ڈالرز کے ساتھ 5 ویں نمبر پر ہیں۔
