’’بشریٰ انصاری خوبصورتی کیلئے سرجری کرانے کی حامی‘‘

معروف لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری نے شوبز شخصیات کے لیے کاسمیٹک سرجری کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارائوں کو ظاہری خوبصورتی کو برقرار رکھنا ہوتا ہے لیکن پلاسٹک سرجری سے گریز کرنا چاہئے۔
بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے مقبول ڈرامے ’تیرے بن‘ میں اپنے کردار سمیت جلد ریلیز ہونے والے اپنے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو ’ملکہ تبسم‘ کے حوالے سے بھی کھل کر باتیں کیں۔
انہوں نے دوران انٹرویو خواتین کی بڑھتی عمر اور صحت کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور اپنی فٹنس کے حوالے سے بھی بات کی، بشریٰ انصاری کے مطابق ان کی عمر 67 برس ہے اور اگر وہ کسی کو 57 سال کی لگتی ہیں تو یہ بہت اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی عمر کو طعنہ نہیں سمجھنا چاہئے اور ہر کسی کو اپنی عمر کو تسلیم کرکے آگے بڑھنا چاہئے، وہ اپنی عمر کے حساب سے مطمئن ہیں اور وہ اپنی صحت کا اپنی مرضی کے مطابق خیال رکھتی ہیں، وہ زیادہ ڈائٹ پسند نہیں کرتیں، البتہ وہ صحت مند غذائیں کھاتی ہیں۔
ان کے مطابق وہ صبح کو بھرپور ناشتہ کرنے کے بعد دوپہر کا کھانا نہیں کھاتیں، دوپہر کو صرف پھل کھاتی ہیں اور پھر رات کا کھانا کھاتی ہیں جبکہ ان کا وزن قدرتی طور پر شروع سے ہی کم تھا۔
بشریٰ انصاری کے مطابق جب انہوں نے مقبول ڈراما ’آنگن ٹیڑھا‘ کیا تب ان کی عمر 27 برس تھی اور میں نے اس میں 60 سالہ خاتون کا کردار ادا کیا تھا لیکن اس وقت لوگ انہیں 38 سال کا سمجھتے تھے۔
میزبان کی جانب سے کاسمیٹک سرجری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ بڑھتی عمر میں خواتین کو خوبصورت نظر آنے کے لیے ہلکی پھلکی کاسمیٹک سرجری کروانی چاہیے۔میں خود بھی خوبصورت اور جاذب نظر آنے کے لیے کاسمیٹک سرجری کرواتی ہوں کیوںکہ عمر زیادہ ہو رہی ہے۔
بشریٰ انصاری کے مطابق وہ شائستہ لودھی کے پاس جاتی ہیں اور ان سے اپنی آنکھوں کے سائیڈ میں بوٹوکس کروا کر خوبصورتی بڑھاتی ہیں لیکن وہ زیادہ کاسمیٹک سرجری نہیں کرواتیں۔اداکارہ کے مطابق وہ نہ تو گالوں پر کاسمیٹک سرجری کرواتی ہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی ہونٹوں کو بڑا کرنے کے لیے کوئی طریقہ کار کروایا۔
ان کے مطابق نوجوان لڑکیوں کو کاسمیٹک سرجری نہیں کروانی چاہیے، البتہ انہیں چہرے کے غیر ضروری بال یا داغ ہٹانے کے لیے ضروری کام کروانے ہوں تو وہ کروا سکتی ہیں۔نام لیے بغیر کہا کہ ایک خاتون وزیر ہیں جنہوں نے اس طرح کاسمیٹک سرجری کروائی ہے کہ ان کا چہرہ ہی تبدیل ہوگیا ہے اور وہ دوسری طرح نظر آتی ہیں۔

Back to top button