شاداب خان اسلام آبادیونائیٹڈ کےکپتان مقرر

پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے قومی ٹیم کےآل راؤنڈر شاداب خان کو کپتان مقرر کردیا ہے۔
قومی ٹیم کے نوجوان آل راؤنڈرکو اسلام آباد یونائیٹڈ نے2017 میں لیگ کے دوسرے سیزن میں ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل کیا تھا اوروہ پہلے ہی سیزن میں عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستانی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
پاکستان سپر لیگ کے32 میچوں میں 29وکٹیں لینے والے شاداب خان لیگ کا تیسرا سیزن جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا حصہ بھی تھےاورفائنل میں 25 رنز کے عوض 3وکٹیں حاصل کی تھیں۔ لیگ کےچوتھے ایڈیشن میں محمد سمیع انجری کا شکار ہوئے توشاداب خان نے 3میچوں میں قیادت کرکے دو میچوں میں فتح دلا کرخود کواس منصب کا اہل ثابت کیا تھا۔ لیگ اسپنرتینوں فارمیٹس میں پاکستان کی جانب سےڈیبیو کرچکےہیں اوراپنےڈیبیو کےبعد سےاب تک دنیا میں ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینےوالےباؤلرہیں۔
شاداب نے قیادت کا منصب ملنے پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی فرنچائزکی قیادت ملنا فخر کی بات ہے اور اس میں موقع سے فائدہ اٹھانے اور توقعات پر پورا اترنےکی کوشش کروں گا۔ اس اعزازکےساتھ ہی شاداب خان پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کےسب سےکم عمرکپتان بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بدولت ہوں اورمیں کوچ مصباح الحق کی مدد سے ٹیم کو ایک مرتبہ پھرچیمپیئن بنانے کی پوری کوشش کروں گا۔
