شہریار منور کو نواز الدین صدیقی کے پائوں کس نے پکڑوائے؟


پاکستانی اداکار شہریار منور نے کہا ہے کہ انہوں نے بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی کے پاؤں نہیں پکڑے تھے بلکہ اداکارہ ماہرہ خان کے کہنے پر احتراما ان کے پاؤں چھوئے تھے۔ تاہم افسوس کہ اب اس معاملے کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اداکارہ دیپکا پڈوکون کے ساتھ وہ کسی پروجیکٹ پر کام نہیں کر رہے ہیں اور ان سے انکی دبئی میں اتفاق سے اور اچانک ہی ملاقات ہو گئی تھی۔

اداکار شہریار منور نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے نوازالدین صدیقی کے پاؤں احترامًا اور سندھی روایات کے تحت بڑا سمجھ کے چھوئے تھے کیوں کہ سندھی روایات کے مطابق جس شخص کا احترام کیا جاتا ہے اسکے سامنے ہاتھ جوڑ کر اور اسکے پاؤں چھو کر اسے عزت دی جاتی ہے۔

شہریار نے بتایا کہ میں اور ماہرہ خان جب دبئی ایواڈز شو میں نوازالدین صدیقی کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے تو ماہرہ خان نے انہیں مذاق میں کہا کہ نواز صدیقی مرشد ہیں، انکے پاؤں چھوئیں۔ چنانچہ میں نے بھی مذاق میں ان کے پاؤں پر چھو لئے لیکن سوشل میڈیا پر صرف اسی منظر کو وائرل کر دیا گیا۔ پاکستانی اداکار نے شکوہ کیا کہ نوازالدین صدیقی کے ساتھ 30 منٹ کی گفتگو کو چھوڑ کر صرف ان کے پاؤں چھونے کے سین کو وائرل کیا گیا جس کا مقصد انکا امیج خراب کرنا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ نوازالدین صدیقی کے پاؤں چھونے کی منفی انداز میں رپورٹنگ کی گئی اور سوشل میڈیا پر ان کی تصویر ڈال کر لکھا گیا کہ ایک پاکستانی اداکار بھارتی اداکار کے پاؤں پڑ گئے۔

شہریار نے ’فوچیا میگزین‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات میں ایوارڈز شو کے دوران انکی چند ویڈیوز اور تصاویر بنا کر انہیں غلط رنگ میں سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا۔ شہریار منور نے بتایا کہ ان کی اور دپیکا پڈوکون کی دبئی میں ملاقات بالکل حادثاتی طور پر ہوئی تھی، وہ اپنے جن دوستوں سے ملنے گئے تھے، انہی سے ملنے دپیکا بھی وہاں آ گئیں اور پھر ان دونوں کے درمیان بطور فنکار نہیں بلکہ عام انسانوں کے گفتگو ہوئی۔
اداکار نے بتایا کہ دپیکا کے ساتھ ان کی تصاویر وائرل کر کے ان دونوں سے متعلق غلط باتیں پھیلائی گئیں جس پر مجھے افسوس ہوا۔ ان کا اصرار تھا کہ دپیکا سے انکی ملاقات ذاتی تھی اور انکی پرائیویسی میں مداخلت کر کے انکے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔

شہریار منور نے بتایا کہ دپیکا کے ساتھ تصویر وائرل ہونے سے انکے علاوہ بالی وڈ اداکارہ کے ساتھ بھی کوئی مسئلہ ہو سکتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ میں دپیکا کے ساتھ کسی بھی فلم یا کسی اور پراجیکٹ میں کام نہیں کر رہا، اور اس بارے اڑنے والی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ پاکستانی اداکار نے دپیکا پڈوکون اور نوازالدین صدیقی کے ساتھ ملاقات کو غلط رنگ دینے پر بلاگرز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور بعض شوبز ویب سائٹس پر برہمی کا اظہار کیا، شہریار کے مطابق وہ دبئی میں فلم فیئر ایوارڈز میں شرکت کے لیے گئے تھے جہاں انہیں فلم ’پرنس چارمنگ‘ پر ایوارڈ دیا گیا مگر سوشل میڈیا نے یہ خبر چلانے کی بجائے اور ہی خبریں چلا دیں جن میں کوئی صداقت نہیں تھی۔

Back to top button