شہزادہ ہیری اور میگھن کی شاہی حیثیت ختم ہو گئی

برطانوی شاہی خاندان نے اعلان کیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی شاہی حیثیت ختم کردی گئی ہے جس کے بعد انہیں اپنی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے اخراجات بھی ادا کرنے ہوں گے۔
بکنگھم پیلیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کو آزاد مستقبل کے فیصلے پر جنوبی لندن میں واقع رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے لیے کیے گئے اخراجات ادا کرنے ہوں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیری اور ان کی اہلیہ کا شاہی درجہ ختم کردیا گیا اور وہ اپنے لیے ’ہِز رائل ہائنس‘ اور ’ہَر رائل ہائنس‘ کا خطاب بھی استعمال نہیں کر پائیں گے۔ملکہ برطانیہ ایلزبیتھ نے بیان میں کہا کہ ہیری، میگھن اور ان کا بیٹا آرچی ہمیشہ خاندان کا اہم حصہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران سخت جانچ پڑتال کے باعث چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور آزاد زندگی گزارنے کی ان کی خواہش کی حمایت کرتی ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ جس تیزی سے میگھن ہمارے خاندان کا حصہ بنیں اس پر خاص طور پر مجھے فخر ہے۔
شاہی خاندان سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کو فنڈز نہیں ملیں گے اور جنوبی لندن میں ان کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش پر خرچ کی گئی رقم بھی ادا کریں گے۔بکنگھم پیلیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں میاں بیوی باقاعدہ طور ملکہ کی نمائندگی نہیں کرسکتے ہیں لیکن وہ جو کچھ بھی کریں گے اس میں شاہی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھیں گے۔
شاہی خاندان کی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کے بعد شہزادہ ہیری، عسکری سرپرستی اور دولت مشترکہ کے یوتھ ایمبیسڈر کا اعزاز بھی واپس کردیں گے۔تاہم شاہی خاندان سے جاری بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ آیا وہ’سسیکس رائل‘ کا خطاب اپنی ویب سائٹ اور شناخت کے لیے استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں۔رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کے ذرائع کا کہنا تھا کہ شہزادہ ہیری کو سرکاری سطح پر مالی معاونت نہیں دی جائے گے لیکن ان کے والد اور خاندان کے وارث شہزادہ چارلس انہیں نجی سطح پر تعاون جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے 9 جنوری 2020 کو شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے عملی اقدامات کریں گے تاہم وہ ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کی عزت و احترام کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button