ماورا حسین کس اداکار کو لاکھوں میں ایک سمجھتی ہیں؟
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں اپنے 10 سال مکمل ہونے پر اداکارہ ماورا حسین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے پہلے ڈرامے کی شوٹنگ نومبر 2011 میں شروع کی تھی مگر اس ڈرامے کو فروری 2012 میں نشر کیا گیا تھا تاہم شوٹنگ کے حساب سے انہیں انڈسٹری میں 10 سال مکمل ہوگئے۔اداکارہ نے ٹوئیٹر پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 10 سال کے دوران 25 ڈراموں اور فلموں میں کام کیا اور تقریبا تمام ہی منصوبے اچھے خاصے کامیاب ہوئے ہیں۔
اداکارہ نے ایک دہائی کے دوران اپنے ڈرامے کامیاب ہونے پر اللہ کا شکر بھی ادا کیا جبکہ یہ بھی اعتراف کیا کہ شوبز کیریئر نے انہیں اتنا کچھ دے دیا جس کی اُمید بھی نہیں کی تھی۔ ماورا نے ایک مداح کے سوال پر بتایا کہ وہ جلد ہی کچھ نئے ڈراموں میں بھی کام کرتی دکھائی دیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں ماورا حسین نے امیر گیلانی کو پنا سب سے پسندیدہ اداکار قرار دیا اور کہا کہ ثبات نامی ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران انہیں امیر گیلانی کے ساتھ کام کرنے کا بہت مزہ آیا۔ ایک مداح نے ماورا سے فرمائش کی کہ وہ امیر گیلانی کے لیے کوئی ایک لفظ کہیں جس پر اداکارہ نے انہیں لاکھوں میں ایک قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:سری لنکن شہری کا بہیمانہ قتل،واقعہ شرمناک اورافسوسناک قرار
ماورا حسین نے امیر گیلانی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ سب سے مختلف ہیں، سچے اور محبت کرنے والے ہیں جبکہ وہ انہیں ایک قیمتی تحفے کے طور پر دیکھتی ہیں۔ ایک اور مداح کی فرمائش پر ماورا نے اداکارہ عائزہ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک ذہین اور خوبصورت اداکارہ قرار دیا اور بتایا کہ انہوں نے عائزہ کے ساتھ شادی مبارک نامی ڈرامے میں کام کیا تھا، اور وہ بہت ہی محبت کرنے والی اداکارہ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ماورا حسین نے اداکارہ ماہرہ خان کو اپنی بہترین دوست قرار دیا اور کہا کہ اگرچہ ان کا آہس میں ملنا جلنا بہت کم ہوتا ہے تاہم وہ دونوں بہترین دوست ہیں۔
