ماڈل مشک کلیم کے والد 9 برس بعد بھی کیوں نہیں مل سکے؟

لکس اسٹائل ماڈل آف دی ائیر کا ایوارڈ جیتنے والی معروف پاکستانی ماڈل مشک کلیم نے اپنی ذاتی زندگی سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انکے والد کو 9 برس قبل نائیجریا سے اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا اور وہ تاحال لاپتہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر مشک کلیم کا ایک انٹرویو وائرل ہے جس میں اُنہیں اپنے لاپتہ والد بارے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ماڈل نے بتایا کہ 2013 میں جب وہ 18 برس کی تھیں تو ان کے والد نائجیریا سے اغوا ہو گئے تھے اور اب تک وہ بازیاب نہیں ہو سکے ہیں، مشک نے بتایا کہ ‘ہم چار بہن بھائی ہیں اور اب والد کو خاندان سے بچھڑے 9 برس ہوچکے ہیں جن کی کوئی خیر خبر نہیں مل سکی۔ مشک کلیم نے کہا میرا ماننا ہے کہ انسان کو ہر حال میں اللہ پاک کا شکر ادا کرنا چاہئے، جب یہ واقعہ ہوا تو میرا بڑا بھائی 19 سال کا تھا اور دو چھوٹے بھائی کافی کم عمر تھے، اس وقت مجھے اندازہ ہوا کہ زندگی کتنی غیر متوقع ہے، آپ کو ہر وقت ہر صورتحال کے لیے تیار رہنا چاہئے۔
ماڈل نے بتایا کہ ان کی والدہ نے بہت ہمت سے اکیلے ہم بہن بھائیوں کی پرورش کی اور کوئی نوکری نہیں کی کیونکہ ان کے والد کی اچھی جاب تھی جسکے باعث ان کے پاس اچھی سیونگ تھی۔ یاد رہے کہ مشک کلیم پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی ماڈل ہیں جوکہ لکس اسٹائل ماڈل آف دی ائیر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔
