متھیرا، جویریہ سعود نے مومن ثاقب کو تنقید کا نشانہ کیوں بنایا؟

معروف ٹی وی شو میزبان اور اداکار مومن ثاقب کی جانب سے قبرستان کی ویڈیو بنائے جانے کے بعد اداکارہ و ماڈل میتھیرا اور جویریہ سعود نے انہیں کھری کھری سناتے ہوئے قبرستان میں ویڈیو بنانے کو احمق حرکت قرار دیا اور اس کے ذہنی صحت پر ممکنہ اثرات پر خدشے کا اظہار کیا۔انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مومن ثاقب ایک قبرستان میں کھڑے ہیں، اس دوران وہ قبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’یہ ہمارا مستقبل ہے، انسان کی بس یہی حقیقت ہے، سب کا یہی مستقبل ہے، جو مرضی کرلو، جتنا پیسا کما لو، جتنی بھی شہرت حاصل کرلو سب کا آخر یہی ہے۔مومن ثاقب کا مزید کہنا تھا کہ ’جب موت آئے گی تب جتنا بھی غرور، ناکامیاں، خوشی کا مواقع سب ختم ہوجائیں گے، اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے ماڈل متھیرا نے مومن ثاقب کے الفاظ کے چناؤ پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ’معاف کیجیے گا لیکن یہ بہت احمقانہ حرکت ہے، انہوں نے لوگوں کے ذہنی صحت کے ممکنہ منفی اثرات پر خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دنوں بہت سارے لوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، خودکشی کر رہے ہیں اور خراب ذہنی صحت کا سامنا کر رہے ہیں، اس طرح کی ویڈیوز بعض اوقات انہیں اندر سے مزید توڑ دیتی ہیں۔متھیرا نے کہا کہ سب جانتے ہیں ہم سب کو موت کا مزہ چکھنا ہے، موت کے بارے میں بات کرنے کی بجائے ہمیں مشکل زندگی گزانے کے بہتر طریقے پر گفتگو کرنی چاہیے۔اس کےعلاوہ اداکارہ جویریہ سعود نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہر ایک کے اپنے عقائد اور اپنے اظہار کے طریقے ہوتے ہیں اور ہمیں ان کا احترام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کو یہ بتانے پر توجہ دینے کے بجائے کہ کیا کرنا ہے، ہمیں اپنے آپ پر توجہ دینی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ ہماری اقدار کے مطابق ہے۔
