واٹس ایپ پر صارفین کیلئے سیکیورٹی فیچر کا ٹرائل شروع

دنیا کی معروف پیغام رسانی موبائل ایپ ’’واٹس ایپ‘‘ پر ایک دلچسپ فیچر کے ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت صارفین کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ واٹس ایپ نے ’ونس ویو‘ Onxe View یعنی ایک بار دیکھنے کے لیے بھیجی جانے والی ویڈیوز، تصاویر اور آڈیو فائلز کے اسکرین شاٹ لینے اور ان کی ریکارڈنگ کو روکنے کے فیچر پر آزمائش شروع کر دی۔

واٹس ایپ نے اس فیچر کے ٹرائل پرمحدود صارفین کو رسائی دے دی ہے، اب کوئی بھی صارف موصول ہونے والی ’ونس ویو‘ یعنی ایک بار دیکھی جانے والی کسی بھی پوسٹ کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکیں گے، نئے فیچر کے تحت کوئی بھی صارف اب کسی بھی ’ونس ویو‘ تصویر، ویڈیو یا آڈیو فائل کا نہ تو اسکرین شاٹ لے سکیں گے اور نہ ہی اس کی ریکارڈنگ کر سکیں گے۔اس فیچر کے تحت اگر کوئی فرد موصول ہونے والی ’ونس ویو‘ ویڈیو، آڈیو اور تصویر کا اسکرین شاٹ لینے کی کوشش کرے گا تو اسے اسکرین شاٹ کے بدلے ایک نوٹی فکیشن موصول ہوگا، جس میں اسے بتایا جائے گا کہ سیکیورٹی فیچرز کے تحت وہ اسکرین شاٹ نہیں لے سکتے۔

اسی طرح صارف کسی آڈیو کی ریکارڈنگ بھی نہیں کر سکے گا جب کہ اس فیچر کے تحت تیسری پارٹی یعنی دیگر بعض سافٹ ویئرز اور ایپلی کیشنز کے ذریعے بھی لوگ ’ونس ویو‘ کی ویڈیو، آڈیو اور تصویر کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکیں گے۔ البتہ ممکنہ طور پر لوگ دوسرے موبائل کے ذریعے ’ونس ویو‘ کی فائل کی تصویر یا ریکارڈنگ کرنے کے قابل ہوں گے، تاہم اس حوالے سے بھی واضح طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ ممکنہ طور پر واٹس ایپ فیچر کو مزید بہتر بنانے پر بھی کام کر رہا ہے اور مستقبل میں جب اسے متعارف کرایا جائے گا، اس وقت تک دوسرے موبائل کے ذریعے بھی ’ونس ویو‘ فائل کی تصویر بنانا یا کسی آڈیو فائل کی ریکارڈنگ کرنا ناممکن ہوگا۔ ابھی فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے اور اس پر آزمائشی کام جاری ہے اور اسے متعارف کرائے جانے میں کئی ماہ کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے۔

Back to top button