ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی فلمی دنیا میں انٹری

ٹک ٹاک کے ذریعے نوجوانوں کے دل دھڑکا دینے والی حریم شاہ نے اب شوبز دنیا میں اینٹری ڈال دی ہے اور وہ جلد ہی ایک ڈراؤنی فلم سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی ہیں۔
سیاستدانوں اور معروف شخصیات کے ساتھ الٹی سیدھی ویڈیوز بنا کر شہرت حاصل کرنے والی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ اب جلد ہی اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔ اگرچہ حریم شاہ ٹک ٹاک و انسٹاگرام ویڈیوز میں مختلف گانوں پر ڈانس پرفارمنس کرنے سمیت مختلف فلموں و ڈراموں کے ڈائیلاگز پر اداکاری کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ تاہم اب وہ باضابطہ طور پر اداکاری میں بھی جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔
معلوم ہوا ہے کپ حریم شاہ جلد ہی متعارف ہونے والی پاکستان کی پہلی اسٹریمنگ ویب سائٹ اردو فلکس کی ایک ہارر سیریز میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ اردو فلکس کے انسٹاگرام پر حریم شاہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک اسٹار نے ان کی آنے والی سیریز ‘راز’ میں ڈیبیو کرنے کےلیے ان کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔ ساتھ ہی حریم شاہ کی معاہدے پر دستخط کرنے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ‘راز’ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا گیا۔ اردو فلکس کے انسٹاگرام پر حریم شاہ کی ایک اور تصویر بھی شیئر کی گئی اور بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاکر جلد ان کی سیریز سے ایکٹنگ ڈیبیو کرتی دکھائی دیں گی۔ بعد ازاں حریم شاہ نے بھی ‘راز’ کا پرومو شیئر کیا، جس میں ان کی پہلی جھلک دکھائی گئی۔
پرومو کے مطابق ‘راز’ کی کہانی منصور سعید نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات اسد علی زیدی دیں گے اور اسے فرحان گوہر پروڈیوس کریں گے۔ حریم شاہ اور اردو فلکس نے ‘راز’ سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی کہ اس کی کاسٹ میں اور کون اداکار شامل ہیں۔ اگرچہ تاحال اردو فلکس کو متعارف نہیں کرایا گیا تاہم کمپنی کے مطابق وہ متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور بیک وقت بہت ساری سیریز، فلمیں اور ڈراموں کی شوٹنگ جاری ہے۔ اردو فلکس کی لانچ کے حوالے سے ابتدائی طور پر نومبر 2020 میں اعلان کیا تھا اور بعد ازاں دسمبر میں بتایا گیا تھا کہ اسے جنوری 2021 تک باضابطہ طور پر صارفین کےلیے متعارف کرادیا جائے گا۔ تاہم تاحال ابھی صرف اردو فلکس کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پیجز متعارف کرائے گئے ہیں۔ اردو فلکس کے سوشل میڈیا پیجز پر شائع پوسٹس کے مطابق ادارہ بیک وقت متعدد ویب سیریز، فیچر فلموں، دستاویزی فلموں اور ڈراموں کی تیاری میں مصروف ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے وسط تک اردو فلکس کو پاکستان میں باقاعدہ طور پر لانچ کر دیا جائے گا۔
