پاکستانی شوبز انڈسٹری کے جڑواں بہن بھائی کون؟

جڑواں بہن بھائیوں کے بارے میں یہ خیال عام ہے کہ وہ نہ صرف شکل صورت میں ایک جیسے ہوتے ہیں بلکہ ان کی عادات پسند نا پسند بھی ایک ہی جیسی ہوتی ہے- وہ ایک ہی پیشہ اپنانا پسند کرتے ہیں اور زندگی میں ایک جیسے فیصلے کرتے ہیں۔ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ایسے بہت سے اداکارہیں جن کے جڑواں بہن یا بھائی انہی کے جیسا دکھتے ہیں۔ کچھ کا تعلق تو شوبزسے ہی ہے جبکہ کچھ ایسے بھی ہیں جو اپنے بھائی بہنوں کے پروفیشن سے قطع نظرعام زندگی گزاررہے ہیں۔ چلیں آپ کو بتاتے ہیں کہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں کتنے جڑواں بہن بھائی کام کر رہے ہیں۔
کم عمری میں ہی پاکستان میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھنے والی دو جڑواں بہنیں منال خان اورایمن خان اپنی پہچان بناچکی ہیں۔ دونوں جڑواں بہنوں میں بہترین اداکارانہ صلاحیتیں پائی جاتی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ دونوں کا اچھا اخلاق بھی ان کے پرستاروں کی تعداد بڑھانے میں خاصا مددگار ثابت ہوتا ہے۔ایمن خان اور منال خان دونوں جڑواں بہنوں کی پیدائش 20 نومبر 1998 میں ہوئی انہوں نے اپنے کیرئير کا آغاز بچپن میں ہی بطور چائلڈ ایکٹر کر دیا تھا اس کے بعد دونوں بہنوں نے ایک ساتھ وزن کم کر کے ڈراموں میں لیڈنگ رول کیے- ایمن نے اپنے عروج کے دور میں ہی ساتھی اداکار منیب بٹ سے شادی کر کے شوبز سے کنارا کشی اختیار کر لی جبکہ منال خان کا کیرئير کامیابی کے ساتھ جاری ہے ان دونوں اداکاراؤں کی نہ صرف شکل ایک دوسرے سے بہت ملتی ہے اور ان دونوں کے درمیان گہری دوستی بھی پائی جاتی ہے-
خوبرو اورٹیلنٹڈ احسن خان کے نام سے سبھی واقف ہیں۔ ماڈل، اداکاراور میزبانی کے فرائض سرانجام دینے والے احسن کے ایک جڑواں بھائی بھی ہیں جو ہو بہو انہی جیسے دکھتے ہیں۔ احسن کے بھائی کا نام یاسر خان ہے اوروہ انگلینڈ میں قیام پذیر ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ احسن کے بھائی کافی مذہبی رجحان رکھتے ہیں جبکہ احسن کا تعلق میڈیا انڈسٹری سے ہے۔ احسن خان اور ان کے جڑواں بھائی یاسر خان 9 اکتوبر 1981 کو لندن میں پیدا ہوئے تھے- ابتدائی زندگی لندن ہی میں گزاری اس کے بعد احسن خان نے شوبز جوائن کر لیا اور پاکستان میڈیا میں تیزی سے جگہ بنانی شروع کر دی جبکہ ان کے بھائی یاسر خان کا رجحان مذہب کی طرف ہے وہ نہ صرف شوبز میں آنے سے اجتناب کرتے ہیں بلکہ کیمرے کے سامنے آنے سے بھی کتراتے ہیں-
بہت کم لوگوں کےعلم میں یہ بات ہوگی کہ پاکستان شوبزانڈسٹری کے باصلاحیت اداکارحماد فاروقی کے جڑواں بھائی فراز فاروقی بھی مشہورٹی وی اداکار ہیں۔ حماد فاروقی اور فراز فاروقی دونوں بھائیوں کا تعلق کراچی سے ہے اور دونوں ہی ستمبر 1988 کی پیدائش ہیں- بظاہر ایک دوسرے سے بہت مماثلت رکھنے والے ان دونوں بھائيوں کے شوق بھی ایک دوسرے سے بہت ملتے جلتے ہیں- حماد نے شوبز میں آنے کے لیے ڈانس کے مقابلے کا سہارا لیا- تو فراز نے بہت ہی کم عمری میں بطور ماڈل اشتہارات میں کام کر کے اپنی شناخت بنائی- دونوں ہی اپنی اداکاری سے تیزی سے جگہ بنا رہے ہیں اور ابھی تک سنگل ہیں-
عینی جعفری اور ان کی بہن مہرجعفری کے نام اس فہرست میں بہت سے لوگوں کیلئے شاید نیا نہ ہو۔ عینی جعفری اور مہر جعفری دونوں بہنیں نو جون 1981 میں پیدا ہوئيں ان میں سے عینی جعفری نے اداکاری کے شعبے میں کافی نام کمایا ہے- مگر گزشتہ دنوں شادی کے بعد شوبز سے کنارا کشی اختیار کر لی ہے جب کہ مہر جعفری بطور پروڈيوسر اور اداکارہ ابھی بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں-
مشہور اسکرین رائٹر ضیاء سرحدی کی پوتیاں اورمعروف اداکار خیام سرحدی کی بھتیجی ژالےسرحدی کے نام سے سب واقف ہوں گے مگر ان کی جڑواں بہن ژوئلہ سرحدی بھی ٹی وی پر اپنی صلاحیتیں دکھا چکی ہیں۔
