کرکٹمیچز کیلئے ٹریفک کو سگنل فری کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک بندش کو روکتے ہوئے ٹریفک کو سگنل فری بنانے کا حکم دے دیا۔
کرکٹ میچز کے دوران راستوں کی بندش کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی جس کے دوران جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک بند کرنے کی بجائے سگنل فری بنائیں۔
انھوں نے ریمارکس دیئے کہ جو آلودگی ٹریفک بندش سے پھیلتی ہے اس کو سارا سال کنٹرول نہیں کیا جا سکتا ہے ، عدالت نے سی ٹی او سے استفسار کیا کہ آپ ڈومیسٹک کرکٹ میچز کے دوران بھی ایسا کیوں کر رہے ہیں ؟ بین الاقوامی ٹیمیں ایسی سیکیورٹی سے متعلق کیا سوچیں گی ، اس پر سی ٹی او نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایس او پیز پر عمل کر رہے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج نے ریمارکس دیئے کہ لاہور میں سموگ شروع ہو چکا ہے لہٰذا ٹریفک بند نہیں ہونی چاہئے ، میں دو دن سے ٹریفک میں پھنس رہا ہوں، مجھے گھر جانے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگ جاتا ہے اگرمریض نے ایمبولینس میں مرنا ہے یا ہمیں خوار ہونا ہے تو اس کی وجہ ہونی چاہئے۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ ایسی سیکیورٹی تو صدر کو فراہم کی جاتی ہے لیکن اب آپ کو اس حوالے سے پلان بنانا ہوگا۔پولیس کی جانب سے جواب پیش کیا گیا کہ ایسے اقدامات کی ہدایات ہمیں حکومت سے ملتی ہیں ، عدالت کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک ایونٹ کے لیے لوگوں کے کاروبار بند کرانا ، اب کوئی اپنے حقوق کے لیے بھی نہیں آتا ، بعد ازاں عدالت نے اس معاملے پر سیکرٹری داخلہ کو پیر کو طلب کرلیا۔
