کورونا وائرس سے اٹلی میں پاکستانی جاں بحق

پاکستان کے دفتر خارجہ نے اٹلی کے شہر میلان میں کورونا سے جان بحق ہونے والے پہلے پاکستانی کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والے پاکستانی کا نام امتیاز احمد تھا۔ 61 سالہ امتیاز احمد کا انتقال بدقسمتی سے کورونا وائرس سے ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ پاکستانی کے طبی ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 65 سالہ متوفی اٹلی کے شہر میلان سے تقریباً 100 کلو میٹر دور بریسیا شہر میں مقیم تھا۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ متوفی کی میت پاکستان منتقل کرنے کی غرض سے پاکستانی اور اطالوی حکام مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ یورپ کے مشہور ترین سیاحتی ملک میں سے ایک اٹلی میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث ملک کے تمام 6 کروڑ عوام کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی چھوٹی یا بڑی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
سرکاری حکمنامے کے بعد اٹلی کے تمام بڑے شہروں کی گلیاں اور مشہور مقامات پر سناٹے کا راج ہے اور چند مقامات پر اکا دکا لوگ نظر آرہے ہیں۔
اٹلی کے وزیر اعظم نے عوام سے گھروں میں رہنے کی درخواست کی ہے جہاں 3 اپریل تک ملک بھر میں غیر معمولی اقدامات کرتے ہوئے پیر کی رات جاری کیے گئے حکمنامے کے ذریعے تمام 6 کروڑ عوام کو گھروں تک محدود کردیا گیا ہے۔
