ہالی وڈ اسٹار اور ان کی اہلیہ میں کورونا کی تشخیص

آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکار ٹام ہینکس نے سوشل میڈیا پر خود اعلان کیا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن آسٹریلیا میں کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
ٹام ہینکس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی۔ پوسٹ میں انہوں نے اعلان کیا کہ ‘ریٹا اور میں آسٹریلیا میں موجود تھے، ہم دونوں کو تھکاوٹ کا احساس ہوا، نزلہ ہوا اور جسم میں درد بھی محسوس ہوا، ریٹا کو بار بار سردی بھی لگی اور بخار بھی چڑھا، جس کے بعد ہم دونوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا اور ہم دونوں میں ہی اس مرض کی تصدیق بھی ہوگئی’۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘اب آگے کیا کرنا چاہیے؟ میڈیکل آفیشلز کے کچھ پروٹوکولز ہیں جن کو فالو کرنا ضروری ہے، ہم دونوں کے کچھ ٹیسٹ ہوں گے، ہمارا معائنہ کیا جائے گا اور بالکل الگ رکھا جائے گا جب تک عوام کی صحت کےلیے ضروری ہوگا’۔
اداکار نے لکھا کہ وہ اس حوالے سے اپنے مداحوں کو آگاہ کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ اداکار ٹام ہینکس اس وقت آسٹریلیا کے شہر کوئنزلینڈ میں امریکی گلوکار ایلوس پریسلے کی سوانح حیات پر مبنی فلم کی شوٹنگ کررہے تھے۔
رپورٹس ہیں کہ ان کی اہلیہ ادکارہ و گلوکارہ ریٹا ولسن نے چند روز قبل آسٹریلیا کے شہر برسبین اور سڈنی میں کچھ کنسرٹس میں پرفارم بھی کیا تھا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایلوس پریسلے کی زندگی پر مبنی فلم بنانے والے کمپنی وارنر بروز نے بھی اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا۔
اپنے بیان میں کمپنی کا کہنا تھا کہ ‘کمپنی کے ممبران کی صحت ان کےلیے سب سے اہم ہے، دنیا بھر میں جہاں بھی ہماری ٹیم کے لوگ کام کررہے ہیں ہم ان کی حفاظت کےلیے احتیاطی تدابیر اختیار کررہے ہیں’۔
دوسری جانب یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ آسٹریلوی ہدایت کار باز لیورمان کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کی شوٹنگ عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔
