ہمیں محض اتحادیوں کی کیٹگری میں نہ رکھا جائے، بات بھی سنیں

اتحادی حکومت کے معاملات پر پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے سربراہ چودھری شجاعت بھی بول پڑے، انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں محض اتحادیوں کی کیٹگری میں نہ رکھا جائے۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کے لیڈر چودھری پرویز الہیٰ اور طارق بشیر چیمہ حکومت کی اصلاح کیلئے بات کرتے ہیں، ہماری باتوں کو مخالفت کے زمرے میں نہیں لینا چاہیے، ہم تنقید نہیں کرتے بلکہ تجاویز دیتے ہیں۔ ق لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہماری تجاویز اور باتوں سے حکومت کو استفادہ کرنا چاہیے۔ ہم بطور اتحادی اپنی تجاویز سے حکومت کی اصلاح کی کوشش کرتے ہیں۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ عوام کو فوری اور سستا انصاف ان کی دہلیز پر ملے۔ ہمیں جب بھی موقع ملا، ہم نے تمام شعبہ ہائے زندگی کو یکساں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ناصرف اقدامات کئے بلکہ ان پر عملدرآمد بھی کروایا۔
واضح رہے کہ ق لیگ حکومت سے اپنے تحفظات کا اظہار کر چکی ہےاور ق لیگ کی قیادت کی طرف سے حکومت کو مطالبات پورے کرنے کیلئے 7 دن کا وقت دیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم نے خصوصی طور پر اتحادی جماعتوں کے تحفظات اور شکایت دور کرنے کے لیے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو ٹاسک دے دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ناراض اتحادیوں اور پی ٹی آئی کے روٹھے ہوئے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی حکومت نے ناراض اتحادیوں کو منانے کے لیے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے ذریعے خصوصی ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے، ق لیگ، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کو حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے 15 کروڑ روپے کے خصوصی ترقیاتی فنڈز دیئے جائیں گے۔ ارکان قومی اسمبلی کی تجویز کردہ اسکیمز پر کام پاک پی ڈبلیو ڈی کے ذریعے ہوگا اور ان خصوصی ترقیاتی فنڈز سے ان حلقوں میں گلیوں، چھوٹی سڑکوں کی تعمیر وتوسیع، سیوریج لائنوں کی مرمت اور فراہمی آب کے دیگر چھوٹے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button