عامر لیاقت کا دوبارہ ‘ناگن ڈانس’ نہ کرنے کا وعدہ


رمضان ٹرانسمیشن کے دوران ایک ٹی وی پروگرام میں ناگن ڈانس کرنے کے باعث عوامی تنقید کا نشانہ بننے والے جوکر نما عالم دین ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے کیے پر اظہارِ ندامت کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے اور آئندہ ناگن نہ بننے کا وعدہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کچھ روز سے تحریک انصاف کے رنگیلے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو رمضان نشریات کے ایک شو میں کیے گئے ‘ناگن ڈانس’ پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ عامر لیاقت آج کل نجی چینل ایکسپریس کی رمضان ٹرانسمیشن ‘پیارا رمضان’ کی میزبانی کررہے ہیں۔ ٹرانسمیشن کے دوران ‘جیوے پاکستان’ کے نام سے پروگرام کا ایک لائٹر حصہ بھی نشر ہوتا ہے جس میں مختلف اداکار بھی شریک ہوتے ہیں۔ چند روز قبل عامر لیاقت کے اس شو میں معروف اداکار اعجاز اسلم اور اداکارہ نادیہ خان بھی شریک ہوئے تھے۔ اسی شو کے دوران عامر لیاقت سری دیوی بن کر خطرناک ‘ناگن ڈانس’ کرتے دکھائی دیے جس نے شائقین کو ہکا بکا کر کے رکھ دیا تھا۔ ویڈیو میں وہ ناگن کی طرح بل کھانے اور اپنا پھن لہرانے کے علاوہ اسٹیج پر لیٹ کر عجیب و غریب انداز میں ناگن ڈانس کرتے نظر آئے۔ اس سے پہلے بھی اپنے ایک شو میں عامر لیاقت پاکستان کی تیز ترین خاتون کا اعزاز حاصل کرنے والی ایتھیلیٹ نسیم حمید کے ساتھ پروگرام کے سیٹ پر افطار ٹرانسمیشن کے دوران دوڑ لگاتے ہوئے بری طرح گر گے تھے اور یہ ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔
عامر لیاقت نے اس ریس کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘نسیم حمید اور عامر لیاقت نے 20 میٹرز کی ریس لگائی تھی’۔ تاہم انہوں نے کتنے میٹر کی دوڑ لگائی یہ جاننے میں کسی کو دلچسپی نہیں، البتہ ان کے گرنے پر میمز بنائی گئیں اور عامر لیاقت کو رمضان میں افطاری کے وقت ایسی اوچھی حرکات کرنے پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اب عامر لیاقت نے اپنے شو میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میں نے اپنے آپ سے اور اپنے ادارے سے وعدہ کیا ہے کہ اب کبھی سیٹ پر ناگِن ڈانس نہیں کروں گا’۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے نسیم حمید کے ساتھ ریس لگائی، میں نے انہیں آدھا ہرا دایا تھا لیخن چیٹنگ کرنے کی کوشش میں گر گیا تھا۔ عامر لیاقت نے کہا کہ میں نے دیکھا لوگوں نے مجھے پر بہت سی میمز بنائیں، لیکن مجھے میمز بنانے والوں سے کبھی چِڑ نہیں ہوتی، آپ میری میمز بنایا کریں، کیونکہ میں عوامی آدمی ہوں۔ تاہم اپنے اس وعدے کے بعد پھر سے سوشل میڈیا پر ان کی اداکار یاسر حسین کے ساتھ تصاویر وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ دونوں ہی ناگن ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں۔ عامر لیاقت کی ان تازہ تصاویر پر ناقدین کا کہنا ہے کہ چور چوری سے تو باز آ جاتا ہے لیکن ہیرا پھیری سے باز نہیں آتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button