پروٹیز نے بنگال ٹائیگرز کو 149 رنز سے ہرا دیا

کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پروٹیز نے بنگال ٹائیگرز کو 149 رنز سے شکست دیدی، جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے 383 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا جس کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم 233 رنز بنا سکی۔ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اننگ کے ابتدائی 8 اوورز کے دوران جنوبی افریقہ نے 36 رنز پر 2 وکٹیں گنوائیں۔ ریزا ہینڈرکس 12 اور راسی ونڈردوسن 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اِن فارم بیٹر کوئنٹن ڈی کاک ایک اینڈ پر جمے رہے۔
ابتدائی دو وکٹیں گنوانے کے بعد کوئنٹن ڈی کاک اور ایڈن مارکرم نے پارٹنرشپ قائم کی اور اسکور 167 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 30.4 اوورز میں ایڈن مارکرم 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔اسکے بعد چوتھی وکٹ پر کوئنٹن ڈی کاک اور ہینرک کلاسین کے درمیان 87 گیندوں پر 143 رنز کی پارٹنرشپ بنی جس نے بنگلادیشی بولرز کے چھکے چھڑا دیے۔
جنوبی افریقہ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز کوئنٹن ڈی کاک تھے، انہوں نے 174 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 15 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے، اننگز کے اختتامی لمحات میں ہینرک کلاسین کا بلہ رنز اگلتا رہا اور نئے آنے والے بلے باز ڈیوڈ ملر نے بھی خوب ہاتھ صاف کیا۔ کلاسین آخری اوور میں 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔
ڈیوڈ ملر نے 15 گیندوں پر 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ مارکو یانسین نے ایک رن بنایا۔بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مہدی حسن میراز، شریف الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ لی۔پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔
خیال رہے کہ اس میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت ایڈن مارکرم اور بنگلادیش کی قیادت شکیب الحسن کر رہے ہیں۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے کپتان نے کہا کہ ٹیمبا باووما میچ نہیں کھیلیں گے۔ اس ورلڈکپ میں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہرا سکتی ہے۔اس موقع پر شکیب الحسن نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو پچھلے ورلڈ کپ میں ہرا چکے ہیں اس لیے پُراعتماد ہیں۔انہوں نے کہا کہ چاہتے تھے کہ پہلے بیٹنگ کریں، جنوبی افریقہ کو کم اسکور پر محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔دونوں ٹیمیں اس ورلڈ کپ میں اب تک چار چار میچز کھیل چکی ہیں، جنوبی افریقا نے اپنے 3 اور بنگلا دیش نے ایک میچ جیتا ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا تیسرے اور بنگلا دیش ساتویں نمبر پر ہے۔
