’’اداکارہ ہانیہ عامر، بھارتی ریپر بادشاہ میں قربتوں کے چرچے‘‘

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار بادشاہ کے درمیان قربتوں نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے، دونوں کو دبئی میں ایک پارٹی کے دوران اکٹھے دیکھا گیا ہے۔پارٹی کے دوران دونوں کا بے تکلفانہ انداز اس بات کی غمازی کر رہا تھا کہ ’’فاصلے قربتوں میں سمٹ چکے ہیں‘‘ اس اعلانیہ ملاقات سے تقریباً ایک ہفتہ قبل ہانیہ عامرنے بھارتی ریپر بادشاہ کو ان کی سالگرہ پر مبارک باد بھی پیش کی تھی جس کے جواب میں بادشاہ نے بھی ان کی تعریف کیلئے خوبصورت رومینٹک جملوں کا انتخاب کیا تھا گوکہ ماضی میں بھی دونوں فنکار سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کیلئے وارفتگی کا اظہار کرتے رہے ہیں جن میں سوشل میڈیا پر جذباتی مکالموں کا تبادلہ بھی شامل ہے۔ہانیہ عامر اپنے متعدد انٹرویوز میں بادشاہ کی تعریفیں کرتی دکھائی اور سنائی دی ہیں پھر وہ اس بات کا بھی بغیر کسی تذبذب اور جھجک کے اعتراف کرتی ہیں کہ انہیں بھارتی ریپر بادشاہ پسند ہیں، اب پہلی مرتبہ دبئی میں آمنے سامنے ملاقات کے بعد لوگوں کے تجسس میں اس حوالے سے مزید اضافہ ہوا ہے کہ ’’بادشاہ انہیں اپنی ملکہ بنائیں گے یا نہیں، اور اگر بنائیں گے تو کب‘‘ ہانیہ عامر نے بادشاہ سے ملاقات کی جو تصاویر اور ویڈیوز انسٹا گرام پر شیئر کی ہیں ان میں ہانیہ عامر کو غیر معمولی طور پر خوشی سے سرشار دیکھا جا سکتا ہے۔پاکستانی اداکارہ نے بھارتی ریپر کے ساتھ ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کوئی تفصیل نہیں بتائی، تاہم ان کی پوسٹس پر لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے دونوں کے تعلقات کی چہ مگوئیاں کیں، زیادہ تر لوگوں نے کمنٹس میں لکھا کہ پاکستانی اداکارہ کو بھارتی گلوکار کے ساتھ دیکھ کر ان کا خون جل رہا ہے۔اسی طرح بعض لوگوں نے کمنٹس کر کے بادشاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک بار ہانیہ عامر کو بہن بولیں، بعض افراد نے دونوں کے درمیان تعلقات کی چہ مگوئیاں بھی کیں، ساتھ ہی یہ بھی افواہیں پھیلائی گئیں کہ جلد ہی ہانیہ عامر بادشاہ کے کسی گانے میں بھی پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے۔