انڈیا کی جانب سے دوبارہ پاکستان پر حملے کا خطرہ کیوں بڑھنے لگا؟

حالیہ جنگ میں پاکستانی افواج کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنے کے باوجود بھارت کا جنگی جنون کم ہونے کا نام نہیں لے رہا جس کی بنیادی وجہ وہ خفت ہے جو وزیر اعظم نریندر مودی کو جارحیت کے جواب میں شکست کی صورت میں ملی۔ باخبر سفارتی ذرائع کے مطابق   انڈیا جنوبی ایشیا میں اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش میں دوبارہ پاکستان پر حملے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں کاری ضرب کھانے کے بعد بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی شدید دباؤ اور حواس باختگی کا شکار نظر آ رہے ہیں، جس کا عملی اظہار بھارتی جنگی جنون میں بتدریج اضافے کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔خطے میں اجارہ داری کے خواب دیکھنے والی مودی سرکار نے پاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں فرانسیسی ساختہ جدید ترین رافیل طیاروں کی تباہی کے بعد اب انڈین ائیر فورس کی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے ایک بھاری سرمایہ کاری پر مبنی منصوبہ بنا لیا ہے جس کے مطابق اربوں روپے کے نئے جنگی ہتھیار بشمول جنگی جہاز خریدے جائیں گے۔

بتایا جاتا ہے کہ مودی سرکار نے آئی سٹار پراجیکٹ کے تحت 3 جدید ترین جنگی جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، جن پر مجموعی طور پر 10,000 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ یہ جہاز جدید مقامی سینسرز اور الیکٹرانک سسٹمز سے لیس ہوں گے جو پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے بغیر اس کے لڑاکا طیاروں کی پوزیشن کو ٹریک کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنا سکتے ہیں۔

یہ جدید جنگی طیارے بھارت کو ریئل ٹائم انٹیلی جنس فراہم کریں گے، جو نہ صرف حملہ کرتے ہوئے درست نشانہ لگانے میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ بھارتی ائیر فورس کی جارحانہ صلاحیت بڑھانے میں بھی معاون ہوں گے۔

اسکے علاوہ بھارتی وزارت دفاع نے 30 ہزار کروڑ روپے مالیت کے جدید ترین دفاعی نظام کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارتی فوج کیلئے کوئیک ری ایکشن سرفیس ٹو ائیر میزائیل سسٹم خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکی مالیت تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے ہے۔ یہ دفاعی میزائیل سسٹم ایئرکرافٹ اور کروز میزائلز کیخلاف 24 گھنٹے آپرشنل رہ سکتا ہے۔

پاکستان دشمن  ٹی ٹی پی جنگجوؤں  نے جنوبی پنجاب  میں ڈیرے  کیوں لگالئے؟

دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ منصوبہ اس کی اس دیرینہ پالیسی کا تسلسل ہے جس کے تحت وہ پاکستان پر حملہ کر کے اسے گھٹنوں پر لانا چاہتا ہے تاکہ وہ خطے کے بدمعاش کا درجہ حاصل کر پائے، تاہم تاریخ گواہ ہے کہ جدید ہتھیاروں کے انبار اور ٹیکنالوجی کے باوجود بھارت کو حالیہ چار روزہ جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں منہ کی کھانی پڑی۔

عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں کامیابی کے باوجود پاکستان دفاعی لحاظ سے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے نہ صرف بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ سرپرائز دینے کی حکمت عملی پر بھی گامزن ہے۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آئندہ بھی خطے میں طاقت کا توازن بگاڑنے کی کسی بھی بھارتی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Back to top button