مظفرگڑھ: سیلابی صورتحال کے باعث 105 سکول 6 ستمبر تک بند

دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع مظفرگڑھ کے 105 سرکاری سکولوں کو 6 ستمبر تک بند کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، سیلاب کے خطرے کے پیش نظر یہ فیصلہ حفاظتی اقدامات کے طور پر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کا کہنا ہے کہ 89 سکولوں کے سیلاب سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس کی بنیاد پر 105 اسکولوں کو عارضی طور پر بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا۔
لاہور کے سکول یکم ستمبر سے کھلیں گے، سیلاب زدہ علاقوں میں تاحال بندش برقرار
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ان میں سے 16 سکولوں کو فلڈ ریلیف کیمپس کے طور پر مختص کر دیا گیا ہے، تاکہ سیلاب متاثرین کو پناہ دی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ باقی تمام سرکاری سکول یکم ستمبر سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر انحصار کریں اور اسکولوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے کسی افواہ پر توجہ نہ دیں۔
