انجمن کو دوسری شادی بھی راس نہ آئی، طلاق ہوگئی

پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ ایک اور جوڑی کی راہیں ہمیشہ کے لیے جدا ہو گئیں۔ پاکستانی پنجابی فلموں کی ملکہ کہلانے والی ماضی کی معروف سپر سٹار انجمن کو 64 برس کی عمر میں دوسری شادی بھی راس نہ آئی اور گیارہ ماہ بعد ہی اداکار لکی علی نے انہیں طلاق دے دی۔
یاد رہے کہ انجمن کی پہلی شادی انکم ٹیکس کمشنر مبین ملک کے ساتھ ہوئی تھی جس سے ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں، مبین ملک کے ساتھ شادی کے بعد انجمن برطانیہ منتقل ہو گئی تھیں۔ بعد ازاں ان کے مبین ملک کے ساتھ اختلافات پیدا ہوگئے جس کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔ اسی دوران 2013 میں عید کے روز محکمہ انکم ٹیکس سے وابستہ مبین ملک کو لاہور میں پراسرار انداز میں قتل کر دیا گیا۔ قتل کی تفتیش کے دوران پولیس نے انجمن پر بھی شک کا اظہار کیا اور وہ کچھ مہینے زیرتفتیش بھی رہیں۔ شوہر کے قتل کے چھ سال بعد انہوں نے لکی علی سے دوسری شادی کر لی ہے۔ نکاح کی تقریب انتہائی سادگی سے ہوئی جس میں انجمن اور لکی علی کے قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔
وسیم علی عرف لکی علی نے اداکارہ انجمن شاہین سے جون 2019 میں پسند کی شادی کی تھی شادی کے 8 ماہ بعد ہی لکی علی کی طرف سے انجمن کو طلاق دینے کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن فلمسٹار انجمن نے خبروں کی تردید کی تھی ۔تاہم لکی علی اور انجمن کے مشترکہ فلمی دوستوں نے ایک طلاق کی تصدیق کی تھی۔ تاہم اب اداکارہ انجمن اور لکی علی کی طرف سے ویڈٓیو اور آڈیو پیغام میں طلاق کی تصدیق کر دی ہے۔ لکی علی کی طرف سے انجمن کو تحریری طلاق دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لکی علی نے انجمن کو پہلی طلاق چار فروری، دوسری طلاق یکم اپریل جبکہ تیسری طلاق چودہ اپریل کو دی جس کے بعد دونوں کی راہیں ہمیشہ کیلئے جدا ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان کافی عرصے سے اختلافات چل رہے تھے اور دونوں نے باہمی رضامندی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لکی علی نے ویڈیو پیغام کی صورت میں انجمن کو طلاق دینے کی تصدیق کی۔ویڈیو پیغام میں اداکار میاں وسیم عرف لکی علی نے کہا کہ تصدیق کرتا ہوں کہ میں نے انجم شاہین عرف انجمن کو طلاق دے دی ہے۔ دوسری طرف اداکارہ انجمن کا بھی کہنا ہے کہ ہم دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی ہے، شادی کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیاتھا، مگر شاید قسمت میں لکی کے ساتھ اتنا ہی تھا۔ انجمن نے مزید کہا ہے کہ اپنا رشتہ بچانے کی بہت کوشش کی لیکن اللہ کو شاید میری اور میرے شوہر کی علیحدگی ہی منظور تھی، ہمارا اذدواجی رشتہ ختم ہوگیا ہے یقینا وجوہات ہیں لیکن ان پہ بات نہیں کرنا چاہتی۔ ایسی عورت نہیں کسی کی ذات پر کیچڑ اچھالوں، آپس میں نہیں بن سکی تو راہیں جدا کر لیں۔
واضح رہے کہ64 سالہ اداکارہ انجمن شاہین سابق پروڈیوسر اور بزنس مین وسیم علی عرف لکی علی کے ساتھ 11جون 2019 کے روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔ شادی دھوم دھام سے کرنے کے بجائے دلہا و دلہن کے قریبی دوستوں اور عزیزوں کی موجود گی میں سادگی سے ہوئی جبکہ انجمن شاہین کو وسیم لکی نے حق مہرکے طور پر دو کروڑ روپے، ہنڈا کار، دو کنال کا گھر، اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 20 پلاٹس دیئے تھے۔ 80 کی دہائی کی پنجابی فلموں کی معروف اداکارہ انجمن شاہین نے پہلے تو اپنی دوسری شادی کو خفیہ رکھا۔ بعد ازاں شادی کی تصاویر لیک ہو جانے کے بعد اداکارہ نے اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھاکہ اس عمر میں شادی کرنے کی بنیادی وجہ تنہائی تھی جبکہ دوسری شادی کرنے سے قبل میں نے اپنے تینوں بچوں سے اجازت بھی لی۔
یاد رہے کہ بہاولپور میں پیدا ہونے والی انجمن شاہین 80ء اور 90ء کی دہائی میں پاکستانی پنجابی فلموں کی مقبول ترین اداکارہ سمجھی جاتی تھیں انہوں نے اپنے کیریئر میں’شیرخان’، ‘میڈم رانی’ اور ‘میلہ’ سمیت متعدد فلمیں کیں اور کئی ایوارڈز اپنے نام کیے جب کہ فلموں میں اُن کی اور سلطان راہی کی جوڑی سب سے زیادہ پسند کی جاتی تھی۔ انجمن کی پہلی شادی انکم ٹیکس کمشنر مبین ملک سے ہوئی تھی جس سے اُن کے تین بچے ذیشان، عدنان اور ایمان شامل ہیں۔ تاہم 2013ء میں انجمن کے شوہر کو لاہور میں قتل کر دیا گیا تھا۔ تب تک دونوں میں علیحدگی ہو چکی تھی اور پولیس نے ابتدائی طور پر انجمن کو قتل کے الزام میں شامل تفتیش کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button