”میرے پاس تم ہو“ کے کون سے کردار قتل ہو جائیں گے؟

پاکستان میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑنے والی مشہور ڈرامہ سیریل ”میرے پاس تم ہو“ کا مرکزی کردار دانش کیا آخری قسط میں مر جائے گا؟
ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر کے قریبی ذرائع کے مطابق "دو ٹکے کی عورت” کے ڈائیلاگ سے شہرت حاصل کرنے والے ڈرامے ‘میرے پاس تم ہو کا’ اختتام دانش کی موت پر ہونے کا امکان ہے۔
ڈرامہ کے مصنف خلیل الرحمن قمر کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ایک اور مقبول ترین ڈرامے "پیارے افضل” کے مرکزی کردار افضل کو ڈرامے کے اختتام پر مار دیا تھا جس پر ہوائی جہاز میں سفر کے دوران ایک خاتون نے انھیں تھپڑ جڑ دیا اور کہا کہ تم نے افضل کو کیوں مارا ۔ اب ان کا کہنا ہے کہ شاید آپ لوگون کو اس بار بھی کچھ ایسا ہی دیکھنے کو ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے کی آخری قسط لکھتے ہوئے میں روتا رہا۔
خلیل الرحمن قمر نے کہا تھا کہ صبح چار بجے آخری قسط لکھ لینے پر میں نے اپنی بیٹی کو جگایا اور کہانی سنائی جس پر وہ بھی زار وقطار رونے لگی۔ خلیل الرحمن قمر نے مزید بتایا تھا کہ جب انھوں نے ہدایت کار ندیم بیگ کو دوران ڈرائیونگ ڈرامے کی آخری کہانی کا سکرپٹ سنایا تو انھوں نے گاڑی روکی اور رو نا شروع کردیا۔
اس سے قبل رائٹر خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ کمزود دل حضرات سے گزارش ہے کہ ڈرامے کی آخری قسط دیکھتے وقت اپنے دلوں کو تھام کر بیٹھیں۔ مشہور و معروف ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ اس وقت تمام لوگوں خصوصاً نوجوانوں میں بہت زیادہ مقبولیت کا حامل ڈرامہ ہے اور ہفتہ کو اپنی قسط نشر ہونےکے بعد ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن جاتا ہے۔ اس ڈرامے کی کہانی ایک میاں بیوی کے درمیان گھومتی ہے۔ اس ڈرامے میں شوہر کا کردار مشہور و معروف اداکار ہمایوں سعید نبھا رہے ہیں جبکہ ڈرامے میں انکا نام دانش ہے اور انکی بیوی کا کردار آئزہ خان نبھا رہی ہیں جنکا نام اس ڈرامے میں مہوش ہے۔
کہانی کے مطابق دانش، مہوش اور انکا ایک بیٹا ایک چھوٹے سے فلیٹ میں رہتے ہیں اور دانش ایک سرکاری نوکری کرتا ہے ۔ ان کا گزر بسراچھے طریقے سے ہو رہا ہوتا ہے۔ دانش اپنی بیوی سے بہت زیادہ محبت کرتا ہے لیکن مہوش کو دولت اور دنیا کی رنگینوں سے بہت زیادہ لگاؤ ہوتا ہے۔ اس وجہ سے وہ اپنے شوہر سے طلاق لے کر ایک امیر شخص کے ساتھ چلی جاتی ہے اور دانش سے طلاق لے لیتی ہے اور اس کے بعد شہوار کے ساتھ رہنے لگتی ہے۔ اسے بعد ازاں اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ شہوار اسکے ساتھ شادی نہیں کریگا اور بعد میں ایسا ہی ہوتا ہے۔
دوسری جانب دانش اپنی نوکری چھوڑ ایک بزنس کرتا ہے جو کہ بہت کامیاب رہتا ہے اور وہ کروڑ پتی بن جاتا ہے۔ مہوش کو بعد میں اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے اور وہ واپس دانش کے پاس آنا چاہتی ہے لیکن وہ اسے واپس اپنی زندگی میں شامل نہیں کرنا چاہتا۔ اب آخری قسط میں پتا چلے گا کہ خلیل الرحمن قمر کس طرح ڈرامے کا اختتام کرتے ہیں۔
